موجودہ حکومت پورے عزم و استقلال کے ساتھ مسائل کے فوری حل اور ملکی معیشت کے استحکام کیلئے سرگرم عمل ہے، وفاقی وزیر اسعد محمود کی جمعیت علمائے اسلام سے وابستہ وفود سے ملاقات میں گفتگو

147
وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود اور ڈی جی پاکستان پوسٹ رانا حسن اختر کی ڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین سے ملاقات

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا ہے کہ مسائل اور بحران گھمبیر اور سنگین ہیں جبکہ وسائل محدود ہیں مگر اس کے باوجود موجودہ حکومت پورے عزم و استقلال کے ساتھ مسائل کے فوری حل اور ملکی معیشت کے استحکام کیلئے سرگرم عمل ہے، ہم عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، سیلاب کے دوران تعمیر و مرمت کے کاموں کی بروقت تکمیل اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک ہمہ وقت بحال رکھنے میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے تاریخ ساز کارنامے انجام دیئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مختلف علاقوں سے آئے ہوئے جمعیت علمائے اسلام سے وابستہ وفود سے اپنی ملاقاتوں میں کیا۔ وفود میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی جن میں سینیٹر سائیں فیض محمد، ایم پی اے نعیمہ کشور، سابق ایم پی اے شاہ حسین خان، عماد خان آف شانگلہ سمیت کئی دیگر قائدین نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر اسعد محمود نے وفود کو یقین دلایا کہ وہ انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے بتائے ہوئے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، وفاقی وزیر نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو حالیہ سیلاب کے دوران ہونے والے شدید نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر دشواریوں کے باوجود وہ اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا مسلسل متاثرہ علاقوں میں رہ کر تعمیری عمل کی خود نگرانی کرتے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا فرض اولین ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی مدد اور ان کے نقصانات کا ازالہ ہماری ذمہ داری ہے ۔ دعا ہے کہ اللہ کریم ہمیں اپنے ان نیک مقاصد میں کامیاب و کامران فرمائے۔