وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کسان پیکیج کے حوالہ سے وزیراعظم کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس

224
وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کسان پیکیج کے حوالہ سے وزیراعظم کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ وزارتوں اور حکام کو ایک ہفتہ کے اندر جامع زرعی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام تجاویز اور سفارشات میں زرعی پیداوار میں اضافہ اور درآمدی بل میں کمی پر توجہ مرکوز کی جائے۔

انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کو یہاں وزارت خزانہ میں کسان پیکیج کے حوالہ سے وزیراعظم پاکستان کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ، وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر بجلی خرم دستگیر خان، وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود اور وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق چوہدری طارق بشیر چیمہ نے شرکت کی۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے کمیٹی کو وزیراعظم سے کسانوں کے وفد کی ملاقات اور ان کے مطالبات کے بار ے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں زرعی شعبہ کیلئے بجلی کی قیمت، ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور کھادوں سمیت زرعی مداخل کی دستیابی سے متعلق تمام امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق چوہدری طارق بشیر چیمہ نے زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور کسانوں کو کھادوں ٹریکٹروں کی درآمد پر ریلیف دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان نے کمیٹی کو کسانوں کیلئے بجلی کے رعایتی نرخوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کمیٹی کو بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف زرعی شعبہ بالخصوص حالیہ سیلاب کے بعد زرعی شعبہ کو پہنچنے والے نقصان کے حوالہ سے فکرمند ہیں۔

انہوں نے تمام متعلقہ وزارتوں اور حکام کو ایک ہفتہ کے اندر جامع زرعی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ تمام تجاویز اور سفارشات میں پیداوار میں اضافہ اور بہتری اور درآمدی بل کو کم کرنے پر توجہ مرکوز ہونی چاہئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کسانوں اور زرعی شعبہ کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہتی ہے۔