برلن۔7اکتوبر (اے پی پی):جرمنی نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لئے مزید ایک کروڑ یورو امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے جمعہ کو برلن میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اس وقت سیلاب کی صورتحال میں مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے، پاکستان کا ایک تہائی رقبہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے، تباہ کن سیلاب نے پاکستان میں تاریخ کی بڑی تباہی پھیلائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہولناک سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی سے متعدد بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے باعث اس بڑی آفت کا سامنا کرنا پڑا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ بننے والی گرین ہائوس گیسز میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ماحولیاتی تباہی سے نمٹنے کے لئے عالمی برادری کی معاونت درکار ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یورپی یونین میں جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، پاکستان اور جرمنی کے درمیان بہترین سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرمجوش میزبانی پر جرمن ہم منصب کا مشکور ہوں، جرمنی میں پاکستانی کیمونٹی کی بڑی تعداد آباد ہے، پاکستانی طلباءکے لئے جرمنی ایک بہترین ملک ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جرمن ہم منصب سے تجارت اور علاقائی مسائل پر گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو بھی یوکرین کی طرح عالمی مدد چاہئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان عشروں پر محیط جذبہ خیر سگالی او ر تعاون کو دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے کے لئے ہم آہنگی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ حالیہ سیلاب کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی تباہی الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی کیونکہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے اور ہر سات پاکستانیوں میں سے ایک پاکستانی متاثرہ ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سیلاب سے دس لاکھ سے زائد مکان تباہ ہوگئے ہیں اور اس کی وجہ سے ملک کو بڑھتے غذائی بحران کابھی سامنا ہے۔ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات سے متعلق انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی باہمی خواہش دونوں ملکوں کیلئے موزوں ثابت ہوگی۔ جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے پاکستانی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ہولناک سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
انہوں عالمی برادری کو پاکستان میں حالیہ ماحولیاتی تباہی کے نتائج سے خبردار کیا۔ جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے مزید ایک کروڑ یورو دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے کس قدر تباہی ہوئی اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے، سیلاب متاثرین خاص طور پر بچے کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے، سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں میں ملیریا پھیل رہا ہے۔
جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جرمنی کا اہم ترین تجارتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرمنی معیشت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرمن کمپنیاں پاکستان میں بالخصوص بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ نے خطے بالخصوص افغانستان میں استحکام لانے میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔ وزیر خارجہ ان دنوں جرمنی کے دو روزہ سرکاری دورے ہیں۔