پاکستان سےمنظم دہشت گردی کوجڑسےاکھاڑپھینکاہے،کسی ملک،گروہ یاطاقت کو پاکستان کو سیاسی یامعاشی طورپرغیرمستحکم کرنےکی ہرگزاجازت نہیں،چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ

124
پاکستان سے منظم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکاہے، کسی ملک، گروہ یا طاقت کو پاکستان کو سیاسی یا معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ،چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی۔8اکتوبر (اے پی پی):چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے قوم کی مکمل حمایت اور اعتماد کے ساتھ گزشتہ دو دہائیوں میں دہشت گردی کی لعنت کی لہرکوکامیابی سے موڑ دیا ہے اور پاکستان سے منظم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کو یقینی بنایا ہے۔ یہ واقعی ایک منفرد کارنامہ ہے جس کا دعوی بہت سے دوسرے ممالک یا افواج نہیں کر سکتیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کےمطابق ہفتہ کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ آپ کو یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ جزا اور سزا کے حوالہ سے قابلیت کا مظاہرہ کرنے والا انصاف پسند اور غیر جانبدار کمانڈر کی شخصیت ہی اپنے ماتحت کمانڈر کی غیر مشروط وفاداری اور اطاعت حاصلکرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور ایک رہنما آپ کو مشکل فیصلے کرنے اور پھر پوری ذمہ داری قبول کرنے کی ہمت اور صلاحیت کی ضرورت ہے۔ درست فیصلہ سازی کے لیے اہلیت اور اعتماد ضروری ہے۔

اپنے جوانوں میں دائمی صلاحیت ( توانائی ) پیدا کرنے کیلئے آپ کی زبانی رہنمائی نہیں بلکہ مثالی رہنمائی بنیادی طور پر لازم ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ کیلئے اپنے ملک کی حفاظت، عزت اور فلاح و بہبود ہمیشہ اور ہر وقت مقدم ہونی چاہئے۔ چیف آف دی آرمی سٹاف نے کہا کہ آپ زیر کمان عملہ جن کو آپ حکم دیتے ہوں ان کی عزت، فلاح و بہبود اور سکون اس کے بعد آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اور ہر وقت آپ کی اپنی آسانی، راحت اور حفاظت آخری ہونی چاہئے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپ کو ذہن نشین کرانا ضروری ہے کہ ہم نے اپنی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت کے لیے جان اور مال دونوں اقسام کی قربانیاں دی ہیں ۔آج ہم جہاں کھڑے ہیں اس مقام تک پہنچنے کیلئے ہمارے ہزاروں بہادر بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

آپ نے اپنی مادر وطن کی خدمت اور حفاظت کا انتخاب کیا ہے جو کہ اعلی ترین سطح پر لگن، احساس مقصد اور قربانی کا تقاضا کرتا ہے۔ اس عہد کو کبھی بھی کمزور نہیں ہونا چاہئے کیونکہ آپ مستقبل کے چیلنجز پر پوری تندہی سے قابو پانے اور فتح یاب ہونے کے لیے پوری طرح سے لیس اور تیار ہیں۔

اپنے خطاب کے آخر میں آرمی چیف نے کہا کہ ہمیشہ چوکس رہیں اور اپنے ملک کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں اور ان کے جواب دینے اور سازشوںکے خاتمہ کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا پیغام واضح ہے، ”مسلح افواج اپنے شہریوں کی حمایت سے کسی بھی ملک، گروہ یا طاقت کو پاکستان کو سیاسی یا معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گی”۔