ویمنز ایشیاکپ،پاکستان نے سری لنکا کو 5وکٹوں سے ہرا کر پانچویں کامیابی حاصل کر لی،امیمہ سہیل کی ریکارڈساز بائولنگ

257

سلہٹ۔11اکتوبر (اے پی پی):ویمنز ایشیاکپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5وکٹوں سے شکست دے دی، یہ گرین شرٹس کی ایونٹ میں پانچویں کامیابی ہے،فاتح ٹیم نے 113رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، امیمہ سہیل نے ریکارڈساز بائولنگ کرتے ہوئے 5وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

منگل کو سلہٹ میں کھیلے گئے ویمنز ایشیا کپ کے 21ویں میچ میں سری لنکن ویمن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 18.5اوورز میں 112رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کپتان چماری اتھاپھتو 41 اوراوشیدی راناسنگے 26رنز بنا کر نمایاں رہیں، امیمہ سہیل نے بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 13رنز کے عوض 5وکٹیں لیں، طوبہ حسن نے 2اور نداڈار نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں پاکستانی ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، نداڈار 26اور عائشہ نسیم 16رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، عائشہ نسیم نے انیسویں اوور میں مسلسل دو چھکے لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی،عالیہ ریاض 20، کپتان بسمعہ معروف اور سدرہ امین 13،13جبکہ منیبہ علی 10رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، کویشا دلہاری نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔