کوئٹہ۔11اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے کوئٹہ میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن، اورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اور ایمپلائز آف اولڈایج بینیفٹ کے دفاتر کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو مختلف آپریشنل سرگرمیوں، افرادی قوت بیرون ملک بھجوانے اور بزرگ شہریوں و سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کےبارے میں بریفنگ دی گئی۔
انہوں نےکہا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان سے بہت کم لوگ بیرون ممالک جا رہے ہیں،بلوچستان اور اس کے عوام کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لئے یہاں سے افرادی قوت کی برآمد کو بڑھانا ہے،بلوچستان میں اورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کی کارکردگی کو بہتر کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نےکہاکہ جلد بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے مختلف بیرونی زبانوں و تربیتی پروگرام شروع کریں گے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کے لئے معیاری تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے، بلوچستان کے مختلف شہروں بشمول گوادر میں جلد سکول کھولے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے نادرا اور تھانوں میں سہولتی مراکز پہلے ہی کھل چکے ہیں،بزرگ شہریوں کی پنشن میں جلد اضافہ ہونے والا ہے،کانوں اور دیگر نجی کارخانوں میں کام کرنے والے تمام مزدوروں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال مزدور پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے،مزدوروں کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر قدم اٹھائیں گے۔