جمہوریہ کوریا کی وزارت قومی دفاع اور پاکستان کی وزارت دفاع کے درمیان دفاعی تعاون پر مفاہمت کی یادداشت” پر دستخط

245

راولپنڈی ۔11اکتوبر (اے پی پی):جمہوریہ کوریا کی وزارت قومی دفاع اور پاکستان کی وزارت دفاع کے درمیان دفاعی تعاون پر مفاہمت کی یادداشت” پر دستخط کیے گئے۔ یہ ایم او یو دونوں ایشیائی ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے ٹھوس قانونی ڈھانچہ فراہم کرے گا۔

ترجمان وزارت دفاع کے مطابق جمہوریہ کوریا کی وزارت قومی دفاع کے نائب وزیر شن بوئم چْل نے11 اکتوبر 2022 کو دوطرفہ میٹنگ میں شرکت کے لیے وزارت دفاع پاکستان کو دورے کی دعوت دی۔ پاکستان وزارت دفاع سے سیکرٹری دفاع ،لیفٹیننٹ جنرل(ر) حمودالزمان خان اور ایڈیشنل سیکرٹری ریئرایڈمرل فیصل امین پرمشتمل وفد نے سیول کا دورہ کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے علاقائی اور عالمی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان میں سیلاب کی ہلاکت خیز صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ سیکرٹری دفاع، پاکستان نے دو طرفہ ملاقات کا اہتمام کرنے پر کوریا کے نائب وزیر کا شکریہ ادا کیا۔آرمی کلب میں منعقدہ ایک تقریب میں نائب وزیر اور سیکرٹری دفاع نے آخر میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے اس طرح کے دورے کرنے پر باہمی اتفاق کیا ۔