پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کیس میں 19 بار سٹے لئے، کرپشن کا حساب دینا ہوگا،لیگی رہنما طلال چوہدری کا پریس کانفرنس سے خطاب

178
Senator Talal Chaudhry
Talal Chaudhry

فیصل آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کیس میں 19 بار سٹے لئے اور کہا جا رہا ہے کہ ان پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکتا اسلئے اگرانہوں نے چوری نہیں کی تو پھر فیصلے سے کیوں بھاگا جارہااور تاریخوں پرتاریخیں لی جارہی ہیں لیکن یہ حقائق سے فرار کی جتنی مرضی کوششیں کرلیں انہیں فارن فنڈنگ، توشہ خا نہ، گوگی، پنکی کی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔ب

دھ کی شام فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آر ٹی ایس بٹھا کر وزیر اعظم بنایا گیا جس نے اپنے مخالفین کی آڈیو ویڈیو ز بنانے کیلئے جگہ جگہ خفیہ کیمرے لگوائے لیکن یہ مکافات عمل ہے کہ جو کام انہوں نے دوسروں کی ریکارڈنگ کیلئے کیا تھا وہی ان کے سامنے آگیا اور اب وہ اپنی جان بچانے کیلئے بار بار یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کی ویڈیوز آنیوالی ہیں لہٰذا اگر انہیں ویڈیوز آنے کا اتنا ہی ڈر تھا تو وہ قابل اعتراض کام نہ کرتے جس سے انہیں سبکی اٹھانا پڑتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان نے ریاست مدینہ کا ڈھونگ رچایا جبکہ دوسری طرف اپنے قول و فعل سے اس کے متضاد اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو ذہنی طور پر تیار کررہے ہیں تاکہ اگر ان کی ویڈیوز سامنے آئیں تو وہ کہہ سکیں کہ میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ ایسی نازیبا ویڈیوز آرہی ہیں لیکن اگر انہیں ڈر ہے کہ وہ سچی نہیں تو ان کا فرانزک کروایا جاسکتا ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ٹیریان امریکہ میں عمران خان کی بیٹی تھی مگر اس نے انکار کیا لیکن جب فرانزک اور ڈی این اے ٹیسٹ کروایا گیا تو ثابت ہوگیا کہ عمران ہی ٹیریان کا باپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں کے بچوں سے حلف لے رہا ہے کہ وہ اس کے لانگ مارچ اور احتجاج کیلئے نکلیں لیکن اسے اگر ملک وقوم کی اتنی ہی فکر ہے تو وہ پہلے یہ حلف دے کہ وہ اس احتجاج میں اپنی بیٹی ٹیریان اور بیٹوں سلیمان اور قاسم کو بھی لیکر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹا نکلا اور اب اپنے گندے کرتوت چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکیاں دے رہا ہے اور کبھی کہتا ہے کہ آج کروں گا کبھی کہتا ہے کہ کل کروں گا لیکن ہم کہتے ہیں کہ اگر اس میں اتنی ہمت ہے تو وہ لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کرے اور لانگ مارچ کرکے دکھائے اور اس بات کا بھی حلف دے کہ وہ لوگوں کو سڑکوں پر لاکر خود بیک ڈور سے ہیلی کاپٹر پر نہیں بھاگے گا اور لوگوں کے ساتھ سڑکوں پر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی آرمی چیف کی تقرری کو متنازع بناتا ہے کبھی الیکشن کمیشن پر الزامات لگاتا ہے اور خود ضمنی الیکشن سے بھاگنے کی بھی کوشش کرتا ہے جس کیلئے کبھی اسلام آباد ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جاتا ہے اور کبھی دوسرے حربے استعمال کئے جا تے ہیں اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ اسے ڈر ہے کہ اس کے کرتوت عوام کے سامنے آگئے ہیں اسلئے وہ ہار سے بچنا چاہتا ہے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم صدر مملکت سے ہماری منتیں کیوں کرواتے ہو ہم تمہیں توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، گوگی، فرح، ٹیریان کیسز میں این آر او نہیں دیں گے اور نہ ہی معافی ملے گی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ انہیں الیکشن کمیشن پر بھی گلہ ہے کہ وہ اسرائیلی اور بھارتی فارن فنڈنگ ثابت ہونے کے باوجود 2013 اور 2018 کے بعد اب پھراسے الیکشن لڑنے کا موقع دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ عمران خان کے کیسز کے فیصلے کیا قیامت کے دن آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہماری کارکردگی کا مقابلہ نہیں کرسکتا ہم نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائی،قوم کو سی پیک کا تحفہ دیا اور بجلی کے کارخانے لگا ئے نیز جب سے اسحاق ڈار آیا ہے ڈالر نیچے آرہا ہے اور جب نواز شریف واپس آئے گا تو نیازی کی نام نہاد مقبولیت کا بھی دھڑم تختہ ہوجائے گا کیونکہ نواز شریف پہلے بھی حقیقت تھا اب بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست نواز شریف سے شروع اور اسی پر ختم ہوتی ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ جس طرح عمران خان حلف کی بات کرتا ہے اسی طرح ہم نے بھی آئین کی پاسداری کا حلف اٹھا رکھا ہے کہ ہم کوئی غیر قانونی کام نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی تقرری ہو یا یو این کا دورہ، معیشت کی بہتری ہو یا غریبوں کی فلاح کیلئے اقدامات ہم قوم کی بہتری کیلئے جو کچھ ہوا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اڑھائی ماہ میں پنجاب میں غریب عوام کیلئے آٹا صرف40 روپے کلو کیا اور ان کے 200 یونٹ تک بجلی کے بل فری کردیئے لیکن عمران خان اور پرویز الٰہی آتے ہی غریب کا آٹا اور بجلی کے بل کھا گئے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کا لندن کا دورہ ناکام ہوگا اور جس دن شجاعت حسین لندن چلے گئے سب کچھ ٹھیک ہوجا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں آکر گوگی و پنکی کو پیسے دیکر لگنے والے کرپٹ افسران کو ہٹایا لیکن انہوں نے آتے ہی وہ افسر دوبارہ لگادیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا حق ہے کہ ہم پنجاب میں آئینی و قانونی طور پر تبدیلی لیکر آئیں اور عوام کو بزدار کی طرح پرویز الٰہی سے بھی نجات دلوائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب میں دوبارہ اقتدار میں آکر ایماندار و محنتی افسر لگائیں گے اور پنجاب کے عوام کی پہلے کی طرح خدمت کی جا ئے گی۔

انہوں نے کہا کہ12 اکتوبر کو آئین کو معطل کیا گیا اور مشرف نے آئینی و جمہوری حکومت پر شب خون مارا جو آج کسمپرسی کی حالت میں ہے،کراچی کو بد امنی کا تحفہ دیا گیا،مشرف کے ایجنٹ عمران کو لایا گیاجس کی وجہ سے پاکستان کی کوئی عزت نہیں اور یہ اپنے استاد سے بھی آگے نکل گیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمارے کیسوں کے فیصلے دنوں اور ہفتوں میں آجاتے تھے عمران کے کیسوں میں بھی ایسا ہی ہونا چاہئے۔