اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):سینٹر فار ایرواسپیس اینڈ سیکورٹی اسٹڈیز کے زیر اہتمام دو روزہ عالمی سٹریٹجک تھریٹ اینڈ ریسپانس بین الاقوامی کانفرنس 19 تا 20 اکتوبر منعقد ہوگی ، اس دو روزہ فلیگ شپ بین الاقوامی کانفرنس کا بنیادی تھیم "بدلتی ہوئی عالمی ترتیب: مشکلات اور مواقع” ہے۔سینٹر فار ایرواسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیزکی جانب سے میڈیا کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جی سٹار ایک منفرد بین الاقوامی فورم ہے، جس کا آغاز سینٹر فار ایرواسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز نے قومی قیادت، تھنک ٹینکس، شعبہ تدریس، عسکری قیادت، دانشوروں اور معروف بین الاقوامی و پاکستانی ماہرین کو یکجا کر کے سب سے اہم عالمی اسٹریٹجک رجحانات اور چیلنجز کا جائزہ لینے کے لئے کیا گیا ہے۔
جی سٹار 2022 کا مقصد عالمی تزویراتی ماحول اور قومی سلامتی پر اثر انداز ہونے والی تکنیکی ترقیوں سے ابھرنے والے اہم چیلنجز کا جائزہ لینا اور مستقبل کی انسدادی حکمت عملیوں خاص طور پر ایرواسپیس سیکٹر میں معلومات فراہم کرنا ہے۔اس دوروزہ کانفرنس مقامی دانشوروں کے ساتھ ساتھ کینیڈا، چین، جرمنی، لٹویا، نیوزی لینڈ، امریکہ اور برطانیہ کے بین الاقوامی سکالرز اور پریکٹشنرز شرکت کریں گے۔
افتتاحی اور اختتامی پلینریز کے علاوہ چار پلینریز ہیں جن میں بین الاقوامی ماحول : ابھرتے ہوئے چیلنجز اور مواقع، جیواکنامکس : ایشین سنچری کا محرک، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مستقبل کی جنگ ، ایروسپیس سکیورٹی : تعین کرنے والے اور مستقبل کے امکانات شامل ہیں۔اس دو روزہ تقریب کا انعقاد دارالحکومت اسلام آباد میں ائیرہیڈ کوارٹرز آفیسرز میس میں کیا جا رہا ہے۔
میڈیا نمائندگان کو سینٹر فار ایرواسپیس اینڈ سکیوٹی اسٹڈیز کا دورہ بھی کرایا گیا اور مرکز کے کام کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔