لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل سے آج ہم ایک مرتبہ پھر سرخرو ہوئے ہیں ۔منی لانڈرنگ کے جھوٹے مقدمے میں عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور مجھے باعزت بری کیا ہے۔آج حق، سچ اور دیانت داری کی عظیم کامیابی ہوئی ہے۔منی لانڈرنگ کیس میں باعزت بری ہونے پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمے میں مجھے تقریبا بائیس ماہ قید رکھا گیا اورہم نے ان جھوٹے مقدمات کا مقابلہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کو بھی پابند سلاسل رکھا گیا۔
عمران نیازی کی ایماء پر بنائے جھوٹے کیسز سے قوم کا وقت، پیسہ اور اداروں کی ساکھ بھی مجروح ہوئی۔ ملکی عدالتوں سے پہلے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے بھی شہباز شریف کو کلین چٹ دے دی تھی۔منی لانڈرر تو عمران نیازی ہے جس نے ٹی بوائز کے نام پر پیسے منگوائے۔ عمران نیازی سرٹیفائیڈ فارن فنڈڈ ہے جسے اب قانون کا سامنا کرنا ہو گا۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عدالت سے سرخروہونے سے سچ جیت گیا اورجھوٹ کا منہ کالا ہواہے ،عمران خان کیلئے آج "یوم شرمندگی” ہے’آج شہزاد اکبر المعروف ٹی ٹی والی سرکار کو بھی شرم سے ڈوب مرنا چاہیے’مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ عدالت سے باعزت بری ہورہی ہے اورعمران خان کا انتقامی احتساب کا بیانیہ دفن ہورہا ہے’انشاللہ میاں نواز شریف بھی جلد عدالت سے سرخرو ہونگے، مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ الحمداللہ آج ایک مرتبہ پھر حق اور سچ کی فتح ہوئی۔انہوں نے کہاکہ سیاسی انتقام کے لیے بنایا گیا ایک اور من گھڑت مقدمہ الحمدللہ اپنے انجام کو پہنچ گیا۔