ہمارے دین ، ہمارے آخری نبیﷺ اور ان کی آل نے عورتوں کو مکمل تحفظ فراہم کردیا ہے ، ریاض حسین پیر زادہ

174

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیر زادہ نے کہا ہے کہ ہمارے دین ، ہمارے آخری نبیﷺ اور ان کی آل نے عورتوں کو مکمل تحفظ فراہم کردیا ہے۔ ہمارے یہاں خواتین کی عزت اور تکریم ہے اس میں اصلا ح کے نام پر غیر ممالک کے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہو نا چاہیے۔ ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو یہاں قومی کمیشن برائے وقار نسواں(این سی ایس ڈبلیو) اور پوٹھوہار آرگنائزیشن فار ڈویلپمنٹ ایڈووکیسی (پوڈا ) کے اشتراک سے منعقدہ 15ویں سالانہ 3 روزہ دیہی خواتین قیادت کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس سال کانفرنس کا موضوع "قدرتی آفات سے بچائو اور بہتر انتظامی امور میں دیہی خواتین کا کردار” ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب ، مہذب معاشرہ ، ترقی پسند ملک انسانی حقوق کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے۔ آئین پاکستان بھی اپنے تمام شہریوں کوبغیرکسی رنگ ، نسل اور جنس کی تفریق کئے بنا بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق نے پاکستانی شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ،فروغ اور تکمیل کے لیے ایک وسیع لا ئحہ عمل متعین کیا ہے جو ہمارے بین الاقوامی معاہدوں سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔ ہماری بیشتر متحرک راہنما خواتین کے حقوق کے تحفظ ، فروغ اور آگاہی کے ساتھ خواتین کو قومی دھارے میں معاشی اور معاشرتی طور پر شامل کرنے کے لیے بڑے احسن انداز میں کام کر رہی ہیں۔

میری تمام دیہی خواتین رہنماؤں سے درخواست ہے کہ پر امن معاشرہ کے قیام کے لیے وزارت انسانی حقوق اور دوسری فلاحی و ترقیاتی تنظیموں کے ساتھ ملکر کام کریں اور آئندہ نسلوں کے لیے اس ملک اور معاشرے کو محفوظ بنائیں۔