پاکستان جونیئر لیگ ، بہاولپور رائلز گوادر شارکس کو 8 وکٹوں سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پرآ گئی

75

لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):پاکستان جونیئر لیگ ، بہاولپور رائلز گوادر شارکس کو 8 وکٹوں سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان ہو گئی،ترجمان کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان جونیئرلیگ کے میچ میں گوادر شارکس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوررز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر بہاولپور رائلز کو جیت کیلئے 120 رنز کا ہدف دیا،گوادر کے چار کھلاڑی شامیل حسن، محمد زولکفیل، محمد اسمعیل اور محمد شعیب ڈبل فگر میں نہ جاسکے، حسیب ناظم 23 گیندوں پر ایک چوکے اور چھکے کی مدد سے 26 اور آفتاب احمد 10 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے،سعد مسعود 20،جبکہ دانیال ابراہیم 25 اور عرفات مناس نے 12 سکور کیے، بہاولپور کے ننگیلیا خروتی، سجاد علی اور محمد ذیشان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بہاولپور رائلز نے مطلوبہ ہدف 14.4اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر دیا،شاہویز کی 30 گیندوں 7 چوکے 2 چھکوں کی مدد سے برق رفتار نصف سنچری نے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا،طیب عارف نے 33 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے جبکہ باسط علی 26 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،گوادر شارکس کی جانب سے عرفات مناس 1 ہی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے،ترجمان کے مطابق51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر شاہویز مین آف دی میچ قرار پائے۔