اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی 8 اور 3صوبائی حلقوں میں پولنگ کا عمل بلا تاخیر شروع ہوگیا جو بغیر وقفے شام 5بجے تک جاری رہے گا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ووٹروں سے کہا ہے کہ وہ بلاخوف وخطر ووٹ ڈالنے نکلیں۔ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں ۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پولنگ میں ہنگامہ آرائی اور مداخلت کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنروں کو ہدایت کی کہ اگر کوئی سرکاری ملازم دھاندلی میں ملوث پایا گیا تو فوری ایکشن لے کر گرفتار کیا جائے اور کیس الیکشن کمیشن ریفر کیا جائے تاکہ فوری انضباطی کارروائی کی جائے۔بلا امتیاز کارروائی کارروائی کی جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنروں کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی قسم کی نرمی نہ کی جائے پولنگ کو یقینی پر امن بنایا جائے۔