سکھر ۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر پلیتھا ماہیپالا نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی اور سندھ کے محکمہ صحت کو ضروری ادویات، طبی آلات اور سپلائیز، غذائی سپلیمنٹس فراہم کر کے معاونت فراہم کر رہا ہے جبکہ صوبے میں صحت کے سیلاب اور بارشوں سے تباہ حال انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام بھی کر رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے پیر کو ڈبلیو ایچ او سکھر حب میں محکمہ صحت سندھ کو ادویات اور ضروری سامان حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹر محمد جمن باہوتو نے سامان وصول کیا۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او سندھ کی سربراہ ڈاکٹر سارہ سلمان، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، مختلف ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس بھی موجود تھے۔ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب اور بارش کی ایمرجنسی نے بڑے پیمانے پر جان و مال کو نقصان پہنچایا ہے اور سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شعبہ صحت کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2000 صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے ہسپتال اور مراکز صحت تباہ ہوئے ہیں جو کہ صوبے میں صحت کی کل سہولیات کا 12 فیصد ہے۔ ڈاکٹر پلیتھا نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او، محکمہ صحت سندھ کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی توجہ ملیریا، پانی سے پیدا ہونے والی بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانا اور بچوں میں غذائیت کی کمی دور کرنے کیلئے نیوٹریشن سٹیبلائزیشن سنٹرز (این ایس سی) قائم کرنا ہے اور اس سلسلے میں صوبے میں 19 نئے نیوٹریشن سٹیبلائزیشن سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹر محمد جمن باہوٹو نے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں فعال کردار پر ڈبلیو ایچ او کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے محکمہ صحت سندھ بہت سے ہیلتھ کیمپس قائم کرنے میں کامیاب ہوا ہے اور ان علاقوں تک پہنچ گیا ہے جہاں لوگ اب بھی زیر آب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے صوبے میں 10 ملین سے زائد متاثرہ افراد کی دیکھ بھال کے لیے کیمپ قائم کیے ہیں۔اس موقع پر ٹی ایچ کیو ہسپتال روہڑی کو لیبر روم اور گائنی وارڈ کے لیے ضروری سامان بھی فراہم کیا گیا۔
اس سے قبل ڈبلیو ایچ او نے ڈی ایچ کیو قمبر شہدادکوٹ اور سول ہسپتال دادو کو دو واٹر پیوریفیکیشن پلانٹس بھی عطیہ کیے ہیں جو ایک گھنٹے میں 4000 لیٹر پانی کو صاف کر سکتے ہیں۔ واٹر پیوریفیکیشن پلانٹس نہ صرف ہسپتال کے مریضوں بلکہ علاقوں کے لوگوں کو بھی پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔ ادویات اور طبی سامان میں بچوں کی نشونما اور غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایف ۷۵ اور ایف ۱۰۰ سپلیمنٹ دودھ، لیبر رومز کیلئے آلات، سکشن مشین، الٹرا سائونڈ، ائیر کنڈیشنرز، ملیریا اور دیگر بیماریوں کی ٹیسٹنگ کٹس اور ادویات فراہم کی گئی ہیں۔