28.8 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومقومی خبریںموسمیاتی تبدیلی کی حقیقت کو تسلیم کرنا ہو گا،پاکستان میں سیلاب سے...

موسمیاتی تبدیلی کی حقیقت کو تسلیم کرنا ہو گا،پاکستان میں سیلاب سے 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

- Advertisement -

لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی حقیقت کو تسلیم کرنا ہو گا،پاکستان میں آنے والے سیلاب نے 70 فیصد پاکستان کو متاثر کیا ہے جس سے 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہو چکا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔طاہر اشرفی نے کہا کہ طاقتور اور مالی طور پر مستحکم ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے مقابلے کیلئے کم وسائل والے ممالک کا ساتھ دینا ہو گا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کے مسائل کے حل کیلئے علما اسلام کے درمیان بات چیت احسن اقدام ہے ۔علما اسلام تمام مذاہب کے قائدین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ جدید مسائل کے حل کیلئے آگے بڑھیں ۔ رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے میثاق مکة المکرمہ شیخ الازہر کی کوششوں سے میثاق اخو ت انسانیہ اور پاکستان کے علما و مشائخ کی طرف سے پیغام پاکستان اتحاد و اتفاق اور بین المسالک و بین المذاہب مکالمہ کیلئے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت کی بقا اور سلامتی کا ضامن ہے ۔ اسلام ، امن ، محبت ، رواداری کے فروغ کا درس دیتا ہے اور اسی لیے ضروری ہے کہ تمام مذاہب و مسالک کی قیادت موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بھی شعور کو اجاگر کرنے کیلئے ایک منظم حکمت عملی طے کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس سے تنہا پاکستان نہیں نمٹ سکتا ،ان نقصانات کے ازالے کیلئے عالمی اور اسلامی دنیا کو ہمارے ساتھ تعاون کرنا چاہئے، ہم عالمی اور اسلامی دنیا کے تعاون کے مشکور ہیں۔ کانفرنس میں مفتی اعظم مصر، مفتی اعظم فلسطین سمیت اسلامی ممالک کے 100 سے زائد وفود شرکت کر رہے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=333132

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں