وزارت خارجہ کا ارشد شریف کی کینیا میں ناگہانی موت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار

101
foreign Ministry
foreign Ministry

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزارت خارجہ نے کینیا میں ممتاز صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی ناگہانی موت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق کینیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر کو 24 اکتوبر کی صبح ارشد شریف کی موت کی ابتدائی اطلاع موصول ہوئی۔

بیان کے مطابق ہائی کمشنر نے اس کے مطابق پولیس حکام اور وزارت خارجہ کے علاوہ دیگر محکموں کے سینئر حکام سے رابطہ کیا جبکہ تصدیق کے لیے کینیا کے نائب صدر کے دفتر سے بھی رابطہ کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کینیائی نژاد پاکستانیوں کو بھی متحرک کیا گیا، مشن کو بتایا گیا کہ لاش نیروبی کے چیرومو فیونرل ہا ئوس میں ہے۔

بیان کے مطابق ہائی کمشنر مشن کے افسران کے ساتھ وہاں پہنچے اور انہوں نے ارشد شریف کی میت کی شناخت کی۔ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے ارشد شریف کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اس افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر خارجہ اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ کی جانب سے ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، مرحوم کے اہل خانہ کو وزارت خارجہ کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

بیان کے مطابق پولیس رپورٹ سمیت مزید کارروائی کا انتظار ہے، ہائی کمیشن میزبان حکام کے ساتھ مل کر ارشد شریف کی میت کی جلد وطن واپسی میں سہولت فراہم کرے گا۔