اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ حیدر علی کی بیٹنگ تکنیک میں خامیاں ہیں، انہوں نے اپنے بیٹنگ سٹائل کو ابھی تک نہیں بدلا اور وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں۔
منگل کو ایک ٹی وی پروگرام میں محمد حفیظ نے حیدرعلی کی خراب پرفارمنس کے حوالے سے کہا کہ جب ہم نیوزی لینڈ کے دورے پر تھے تو اس سیریز میں حیدر علی سے اوپننگ کرائی گئی، اس نے لیگ سائیڈ پر سلوگ شاٹ مار کر چھکا مار دیا تو کوچ نے تالیاں بجانا شروع کردیں جبکہ میرے خیال میں ایک اوپنر کو اس طرح کی غیر ضروری شارٹس کی بجائے پراپر شارٹس کھیلنی چاہئیں۔
محمد حفیظ نے کہا کہ حیدر علی کے دورہ نیوزی لینڈ سے ابھی تک تکینک میں کوئی فرق نہیں آیا، وہ ابھی تک وہی شارٹس کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حیدر علی نے قومی ٹیم کی لمبے عرصے تک نمائندگی کرنی ہے تو انہیں اپنی بیٹنگ تکنیک کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مناسب شارٹس کھیلنا ہوں گی اور موقع کی مناسبت سے اپنی پرفارمنس کو ڈھالنا ہوگا۔