مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی تسلط کے خلاف کل یوم سیاہ کے موقع پر دفترخارجہ میں تقریب ہوگی،ڈی چوک تک واک بھی ہوگی

199
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف کل جمعرات کو یوم سیاہ کے موقع پر یہاں دفتر خارجہ میں کشمیر ی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے تقریب منعقد ہوگی جس میں وزارت خارجہ کے افسران اور عملے کے اراکین شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر خطاب کریں گی۔ تقریب میں کشمیر کے بارے میں نغمہ ”میرے وطن“ کا اجراءکیا جائے گا۔ تقریب میں کشمیری عوام کے لئے دعا بھی کی جائے گی۔ بعد ازاں دفتر خارجہ سے واک کا آغاز ہوگا جس کے شرکاءریڈیو پاکستان کے چوک سے ہوتے ہوئے پارلیمنٹ ہائوس کے گیٹ پہنچیں گے۔

واک میں شریک معززین ڈی چوک تک جائیں گے جہاں صبح دس بجے سائرن بجائے جائیں گے۔ یوم سیاہ کے موقع پر دفتر خارجہ سے شروع ہونے والی واک کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ دفتر خارجہ کے باہر ہونے والی واک میں چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وزیر خارجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر اور وفاقی وزیر ریلوے شریک ہوں گے۔