مقبوضہ کشمیر کا درد پاکستان کا دردہے، مشعال ملک

75
حکومت تعلیمی اداروں میں ڈرگ سکلز پروگرام دینے اورڈرگ کونسلرز تعینات کرنے کیلئے اقدامات کرے گی،مقصدکونسلنگ کرکے نقصانات سے آگاہی ہے، مشعال حسین ملک

راولپنڈی۔27اکتوبر (اے پی پی):چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا درد پاکستان کا دردہے۔پاکستان اور کشمیر دو جسم ایک جان کی مانند ہیں۔فاشسٹ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار رائے پر مکمل پابندی لگا رکھی ہےجہاں صحافیوں کا قتل عام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب آرٹس کونسل میں یوم سیاہ کے حوالے سے تصویری نمائش اور واک کی قیادت کے دوران کیا۔

مشعا ل ملک کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں قابض بھارت نے کشمیریوں کے لیے زمین تنگ کر رکھی ہے۔قابض بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل جنیوا کنونشن اور اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی میں ملوث ہے۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب آرٹس کونسل نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کی اصل تصویر دنیا کے سامنے رکھی ہے۔ناہید منظور کا کہنا تھا کہ 75سال قبل بھارت نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا۔بھارت کے مظالم تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب ہیں جن کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ظلم کا اندھیر ا ایک دن چھٹ کر رہے گا اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔

پچھلی سات دہائیوں میں بھارت نے کشمیری عوام کو بدترین ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنایا مگر اس کے باوجود کشمیریوں کا عزم متزلزل نہیں ہواڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد کا کہنا تھا کہ کشمیر تقسیم ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے۔بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر عالمی برادری کی خاموشی باعث تشویش ہے 75سال بعد بھی اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا ہے۔

ہم اقوام متحدہ اورعالمی برداری سے اپیل کرتے ہوئے کشمیریوں کو فوری طور پر استصوابے رائے کا حق دیا جائے۔ تصویری نمائش میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیاگیا اور مظالم کا شکار ہونے والے کشمیریوں کی تصاویر بھی دکھائی گئیں اس کے ساتھ ساتھ میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی،یاسین ملک،مسرت عالم بٹ،عبدالصمدانقلابی،مشتاق الاسلام،آسیہ اندرابی،میاں عبدالقیوم سمیت بہت سارے کشمیری رہنمائوں کی تصاویر بھی پیش کی گئی تھیں۔