وزیر اعظم کی سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کو دستیاب وسائل ہنگامی بنیادوں پر استعمال میں لانے کی ہدایت

255

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم نے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کو دستیاب وسائل ہنگامی بنیادوں پر استعمال میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب زدگان کی بحالی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

وزیر منصوبہ بندی نے وزیر اعظم کو سیلاب زدگان کی پائیدار بحالی کے لیے اقوام متحدہ (یو این) اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) جیسے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت دار اداروں کی معاونت سے تیار کی جانے والی پوسٹ ڈیزاسٹر نیڈ اسیسمنٹ ( پی ڈی ایم اے) پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، نیشنل کوآرڈینیٹر این ایف آر سی سی لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال اور ایڈیشنل سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے شرکت کی۔