اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین اور ان کے رکن ممالک نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشیوں کو یورپی ثقافت اور ورثہ سے روشناس کرانے کیلئے "یونٹی ڈائیورسٹی” کے عنوان سے میلے کا اہتمام کیا۔ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں تقریب میں بالخصوص یورو ویلج سے تعلق رکھنے والے خاندانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں کھیل، کوئز، معلوماتی نمائشوں سمیت مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں جس میں شرکاء نے یورپی یونین کے "یونٹی ڈائیورسٹی "کے مقصد کا عملی مشاہدہ کیا۔یورو ویلج جس کے گذشتہ ایڈیشن میں 8 ہزار افراد شریک ہوئے تھے،
یہ کورونا وباء کے باعث تین سال بعد پہلی بارمنعقد ہوا ۔ پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رائنا کیونکا نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ یورپ میں متنوع ثقافت، زبان، مذہب، تاریخ اور شناخت موجود ہے، یہ سب مشترکہ اقدار کی صورت میں ہماری دولت کاحصہ ہیں، ہمیں متحد کرتے ہیں اور ہمارے مقصد کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورو ویلج کا رواں سال کا ایڈیشن بہت خاص ہے کیونکہ پاکستان اور یورپی یونین سفارتی تعلقات کے 60 سال منا رہے ہیں، یہ شراکت داری ترقی، تجارت اور سیاسی مذاکرات پر مبنی ہیں جس کا مقصد ہے کہ ہم متحد ہو کر مضبوط ہیں،
پاکستان یورپی یونین اور دنیا کے ساتھ ہماری شراکت داری عشروں پر مبنی ہے، اس شراکت داری کی مثال کے طور پر تقریب میں پہلی بار یورپی یونین پاکستان دوستی ٹرک نمائش کیلئے پیش کیا گیا، یہ ٹرک ملک بھر میں پاکستانی نوجوانوں کو راغب کرنے کیلئے مختلف یونیورسٹیوں کا دورہ کرے گا اور یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کے بارے میں آگاہی پیدا کرے گا۔
یورو ویلج کا اہتمام یورپی یونین ، آسٹریا، بیلجیئم، بلغاریہ، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، ہنگری، ہالینڈ، پولینڈ، رومانیہ کے سفارتی مشنزنے کیا تھا۔ اس ایونٹ میں بچوں اور جوانوں کیلئے کھیل، سیلفی کارنر، کھانے اور سفارتی ٹیموں سے ملاقات اور ان کی شراکت داری کے شعبوں سے متعلق معلومات کے حصول سمیت دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ اس تقریب میں پاکستانی فنکاروں عاصم اظہر اور شائی گل سمیت یورپی یونین کے فنکاروں کی پرفارمنس بھی شامل ہے۔