مکہ مکرمہ۔30اکتوبر (اے پی پی):سعودی وزارت حج وعمرہ نے تصدیق کی ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ ویزا 30 کے بجائے 90 دن کا ہے تاہم زائرین کو ویزے کی مدت ختم ہونے سے پہلے روانگی کو یقینی بنانا ہو گا۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ وزارت کی جانب سے عمرہ ویزے کی مدت کو 30 دن سے بڑھا کر 90 دن تک کردیا گیا ہے، تاہم عمرہ ویزے پر بیرون ملک سے آنے والوں کو چاہیے کہ وہ مقامی قوانین کا خیال کرتے ہوئے عمرہ کی ادائیگی اور زیارت مسجد نبوی کے بعد ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل اپنے ملک لوٹ جائیں تاکہ قوانین شکنی کے مرتکب نہ ہوں۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر حج نے کہا تھا کہ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن عمرہ و زیارت ویزوں کا اجرا آسان بنادیا گیا ہے۔ اب زیادہ آسانی اور تیزی سے عمرہ ویزے جاری کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ عمرہ کمپنیاں ایپ کے ذریعے اپنی سروسز فراہم کریں گی جبکہ پہلے کام کرنے والی ویب سائٹ ’مقام‘ بھی وقتی طور پر کام کرتی رہے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=334985