راولپنڈی۔1نومبر (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے پاکستان میں عمان کے سفیر ڈاکٹر الشیخ محمد عمر احمد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عمان کے سفیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف سے ملاقات کی ۔
اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خلیجی ممالک کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان عمان کے درمیان قریبی ، دوستانہ اور گہرے تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور میری ٹائم سیکورٹی میں تعاون کی بڑی صلاحیت ہے جو ہماری سٹریٹجک پارٹنرشپ میں ایک لازمی عنصر بن سکتی ہے۔
عمان کے سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔