سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سے جرمن سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا

181

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اہم امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ نے اتحادی ممالک سے ٹیکنالوجی کے سمارٹ حصول، تنصیبات کی اپ گریڈیشن اور تربیت کی ازسرنو تشکیل کے ذریعے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے وسیع منصوبوں کا ذکر کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے مابین بے مثال تزویراتی شراکت داری قائم ہے۔ انہوں نے دونوں افواج میں موجود دوطرفہ تعلقات اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

معزز مہمان نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے دوران جانی نقصان پر پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کی اور سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے لیے پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا۔ معزز سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور گزشتہ برسوں کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کی۔

انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی ان تھک کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے دونوں افواج کے مابین خاص طور پر تربیت اور آپریشنل شعبوں میں پہلے سے استوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔