اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک میں بدامنی پھیلانے سے گریز کریں، عمران خان کی عوامی جلسوں میں نفرت کو فروغ دینے کی عادت معاشرے کیلئے نقصان دہ ہے۔
جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بات چیت مسائل کو حل کرنے کا بہترین طریقہ ہے، پی ٹی آئی چیئرمین انتخابات کے لیے جدوجہد نہیں کر رہے بلکہ ان کا بنیادی ایجنڈا سیاسی اور ذاتی فوائد کا حصول ہے، عمران خان لانگ مارچ کے ذریعے معاشرتی انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے منفی کردار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں مل بیٹھ کر سیاسی مسائل کو حل کرنا چاہیے ، طویل عدم استحکام سے ملک کمزور ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مارچ کو سکیورٹی فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے ۔