شرم الشیخ ۔7نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کوپ 27 سربراہی کانفرنس کے موقع پر عراق اورتاجکستان کے صدور، انڈونیشیا کے نائب صدر اور لبنان کے وزیراعظم نے ملاقات کی۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق مصر میں موسمیاتی تبدیلیوں کی عالمی کانفرنس کے موقع پر پاکستان میں سیلاب اور متاثرین کی مدد کے لئے کاوشوں پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف مرکز نگاہ بن گئے ، عالمی رہنمائوں نے وزیراعظم کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں مسلسل موجودگی کو غیرمعمولی جذبہ قرار دیا ۔
کانفرنس کے پہلے روز وزیراعظم شہباز شریف نے مصروف دن گزارا۔ انہوں نے کوپ 27 سربراہی کانفرنس کے موقع پر شرم الشیخ انٹرنیشنل کانگریس سینٹر میں اہم عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم سے عراق کے صدر عبداللطیف راشد، تاجکستان کے صدر امام علی رحمن، انڈونیشیا کے نائب صدر معروف امین نے الگ الگ ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے لبنان کے وزیراعظم نجیب میکاتی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے نائب صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوردنی تیل کی فوری ترسیل پر آپ کا بے حد شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انڈونیشیا کے نائب صدر نے کہا کہ پاکستان ہمارا بھائی ہے، ہر ممکن مدد پر خوشی ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمنائوں کا پیغام دیا۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تاجکستان کے صدر رواں سال دسمبر میں پاکستان آئیں گے۔
دونوں رہنمائوں میں موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات پر تبادلہ خیال کیا ۔ غیرملکی رہنمائوں نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور جانی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے، ان کے منفی اثرات کم کرنے کے لئے اجتماعی کوششیں لازم ہیں۔ وزیراعظم نے متاثرین سیلاب کی امداد پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں عالمی رہنمائوں نے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔