سید نوید قمر کی ارجنٹائن کی بین الاقوامی تجارت کی نائب وزیر سیسیلیا ٹوڈیسکا بوکو سے ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی

144

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے ارجنٹائن کی، بین الاقوامی تجارت اور عبادات کی نائب وزیر اور بین الاقوامی اقتصادی تعلقات کی سیکرٹری سیسیلیا ٹوڈیسکا بوکو سے ملاقات کی ہے ۔ میٹنگ بیونس آئرس کے تاریخی سان مارٹن پیلس میں ارجنٹائن کے سرکاری دورے کے دوران ہوئی ۔

دورہ کے دوران ٹوڈیسکا اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے محل میں سید نوید قمر کا پرتپاک استقبال کیا۔ ارجنٹائن نائب وزیر نے نہ صرف تجارت اور سرمایہ کاری بلکہ زراعت، فارماسیوٹیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور ثقافتی تعاون میں بھی تعاون بڑھانے کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران سید نوید قمر نے وبائی امراض کے بعد پاکستان کی معاشی بحالی کا جائزہ لیا اور حکومت پاکستان کی طرف سے کی گئی مالیاتی اور ٹیرف اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ مسلسل کوششوں کے نتیجے میں، پاکستان نے گزشتہ دو سال میں ورلڈ بینک کے کاروبار کرنے میں آسانی کے انڈیکس میں 39 درجے بہتری کے ساتھ 108 ویں نمبر پر آگیا۔