ہیپاٹائٹس اے ویکسین کے عطیہ پرچین کے شکرگذارہیں،وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

151

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے چین کی جانب سے ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی ایک لاکھ خوراکوں کے عطیہ پر حکومت اور عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین مضبوط، حقیقی اور پائیدار تعلقات کے ساتھ رواں دواں ہیں ‘پاکستان کی سیلاب سے متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔بدھ کو وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے وزارت نیشنل ہیلتھ سروس ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن اسلام آبادمیں منعقدہ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام کے شکرگذارہیں اور خوشی ہوئی کہ پاک چین دوستی نے ایک اور سنگ میل عبورکیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان تاریخ کے بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں سے گذر رہا ہے جہاں ابھی تک سندھ اور بلوچستان کے صوبوں میں بڑی آبادی سیلابی امدادی کیمپوں میں مقیم ہے۔ ان امدادی کیمپوں کے رہائشی مختلف وبائی امراض کے خطرے سے دوچار ہیں‘جس میں ہیپاٹائٹس اے وائرس کے پھیلائو کا خطرہ زیادہ ہے۔ لہٰذا پاکستان کی سیلاب سے متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس وقت، ہم بچوں اور بڑوں کے لیے چین کی طرف سے ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی ایک لاکھ خوراکوں کے عطیہ پرشکر گزار ہیں۔ یہ عمل دونوں ممالک کی صحت اور خوشحالی کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو تقویت دیتا ہے۔سینوویک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر گائو کیانگ نے کہا کہ آج پاکستان اور چین کے درمیان باہمی اعتماد، احترام اور خیر سگالی پر مبنی لازوال اور بے مثال دوطرفہ دوستی کے ستر سال کے تسلسل میں ایک اہم سنگ میل ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام کی جانب سےمجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہمیں اس اقدام کا حصہ بننے پر فخر ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد احمد قاضی، ڈی جی، ایف ڈی آئی نے تمام عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں فراہم کردہ مدد کے لیے سینوویک کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ اسے پاکستان کے بچوں اور بالغ آبادی کے لیے بہترین طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔