ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا

244

سڈنی ۔9نومبر (اے پی پی):ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، قومی ٹیم نے کیویز کا 153 رنز کا ہدف اننگز کے آخری اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا، کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈ کپ میچوں میں تیسری سنچری پارٹنر شپ کا ریکارڈ قائم کردیا، محمد رضوان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بدھ کو سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر152 رنز بنائے۔ کیوی ٹیم کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا جب اس کے ابتدائی 3 بیٹرز 49 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنر فن ایلن 4، ڈیون کونوے 21 اور گلین فلپس 6 رنز بنا سکے۔ اس موقع پر کپتان کین ولیمسن نے ڈیرل مچل کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ کپتان ولیمسن 42 بالوں پر 46 زنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ ڈیرل مچل نے 35 بالوں پر 53 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔

جیمز نیشم 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ پاکستان کے فاسٹ بائولرز شاہین شاہ آفریدی نے چار اوورز میں 24 رنز کے عوض 2 اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

اس کے جواب میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کا 153 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی پہلی بال پر حاصل کرلیا۔ کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 9 ویں اور ورلڈ کپ مقابلوں میں 3 سنچری پارٹنر شپ قائم کرکے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔ 105 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری جب بابراعظم نے 42 بالوں پر 7 چوکوں کی مدد سے53 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آئوٹ ہوئے۔

اس کے بعد محمد حارث نے محمد رضوان نے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم کچھ دیر بعد 132 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان 43 بالوں پر 57 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ نوجوان بیٹر محمد حارث نے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 151 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد حارث 25 بالوں پر 30 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

شان مسعود تین سکور کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ اس طرح پاکستان نے سیمی فائنل میں فتح حاصل کرکے ٹی ٹونٹی ورلڈ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ فائنل مقابلہ 13 نومبر اتوار کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔