قطر کو فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی تقریباً 220 ارب ڈالر میں ، دنیا کا مہنگا ترین ٹورنامنٹ ہوگا

357
قطر کو فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی تقریباً 220 ارب ڈالر میں ، دنیا کا مہنگا ترین ٹورنامنٹ ہوگا

دوحہ۔17نومبر (اے پی پی):قطر عالمی کپ کی میزبانی کرنے والا پہلا عرب ملک جبکہ دوسرا ایشیائی ملک ہے جس کو فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی تقریباً 220 ارب ڈالر میں پڑ رہی ہے جو کہ روس میں منعقد ہونے والے پچھلے فٹبال ورلڈ کپ کی لاگت سے تقریباً 20 گنا زیادہ ہے۔ قطر میں منعقد ہونے والا یہ عالمی کپ کھیلوں کی دنیا کا مہنگا ترین ٹورنامنٹ ہوگا جو کہ آمدہ اتوار سے شروع ہو رہا ہے۔

قطر کے پاس نامزدگی سے قبل ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے لائق عالمی معیار کا کوئی سٹیڈیم موجود نہیں تھا۔ لہٰذا سٹیڈیم کی تعمیر پہلا مقصد تھا۔ قطر نے عالمی کپ کے 64 میچوں کے لیے 8 سٹیڈیمز بنائے ہیں۔ تمام سٹیڈیم دارالحکومت دوحہ کے 55 کلومیٹر کی حدود کے دائرے میں واقع ہیں جہاں تماشائیوں کی بڑی تعداد کے لیے گنجائش موجود ہے۔

قطر ہی دنیا کا وہ پہلا ملک ہے جس نے عالمی کپ کے میچوں کے لیےعارضی سٹیڈیم بنایا ہے، اس سٹیڈیم کو ’سٹیڈیم 974‘ کا نام دیا گیا ہے جو قطر کا ڈائلنگ کوڈ بھی ہے۔

یہ سٹیڈیم بنیادی طور پر ری سائیکل شدہ مواد سے بنایا گیا ہے اور اس کی تعمیر میں زیادہ تعداد شپنگ کنٹینروں کی ہے،ورلڈ کپ کے اختتام پر جب اس سٹیڈیم کی مزید ضرورت نہیں رہے گی تب اس کو ختم کردیا جائے گا اور تمام ری سائیکل مواد ترقی پذیر ممالک کو عطیہ کردیا جائے گا۔

تمام سٹیڈیم کی تعمیر میں تقریباً 6 سے 10 ارب ڈالر کی لاگت آئی جبکہ بقیہ اخراجات قطر قومی پلان 2030ء پر ہوئے۔ورلڈ کپ کا انعقاد قطر کے وژن 2030ء کا حصہ ہے۔ قومی وژن کا مقصد ہے کہ 2030ء تک قطر ایک ترقی یافتہ معاشرہ بن جائے جو اپنی ترقی کو برقرار رکھے اور اپنے لوگوں کے لیے اعلیٰ معیارِ زندگی فراہم کرنے کے قابل ہو۔

یہ پلان انفراسٹرکچر کی تعمیر پر مرکوز ہے جس میں ہوٹلوں کے ساتھ ایک اختراعی مرکز کی تعمیر، ایک جدید ترین سب وے نیٹ ورک اور ہوائی اڈے شامل ہے۔یاد رہے کہ 2018ء میں روس میں منعقد ہونے والے عالمی کپ میں 11 ارب 60 کروڑ ڈالر کے اخراجات آئے تھے۔