اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان روڈ ٹرانسپورٹ سے متعلق اہم معاہدہ کیا گیا ہے جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی و عوامی روابط قائم کرنے کی راہ ہموار ہو گی اس سلسلہ میں وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے روس کے وزیر ٹرانسپورٹ وٹالی سیویلیف سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔
اس موقع پر وزیر مواصلات نے کہا کہ روس وسائل سے مالا مال اور تکنیکی طور پر ترقی یافتہ ملک ہے۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی و عوامی روابط قائم کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان مسافروں اور سامان تجارت کی نقل و حرکت کے بارے ایک فریم ورک مہیا کرے گا جس کے بعد پاکستان اور روس کے مابین سڑک کے ذریعے سفر اور سامان کی باآسانی ترسیل ممکن ہو سکے گی ۔
پاکستان روس کو پھل ،ملبوسات ، آلات جراحی ، چمڑا اور زرعی پیداوار برآمد کرتا ہے ۔ دوسری طرف روس ایل این جی برآمد کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے اور اس نے پاکستان کو ایل این جی برآمد کرنے والے دوسرے ممالک کے مقابلے میں کم قیمت میں ایل این جی فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ اس کے تناظر میں پاکستان اور رشین فیڈریشن کے درمیان اس معاہدے کی ضرورت محسوس کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اس معاہدے کی رو سے ٹرانسپورٹ آپریشنز روڈ ٹرانسپورٹ پرمٹ کی بنیاد پر کئے جائیں گے جو کہ ٹرانسپورٹرز کو دونوں ممالک کے مجاز حکام کی طرف سے مفت فراہم کئے جائیں گے۔آپریشنل قواعد و ضوابط پر اتفاق کرنے اور ان کےنفاذ سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک مشتر کہ ورکنگ گروپ جلد تشکیل دیا جائے گا۔ مستقبل میں روس یوکرین جنگ سے متعلقہ سیاسی مسائل کے حل کے بعد خطے میں امن بحال ہو گا جس سے تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق شروع کی جا سکیں گی ۔