حکومت، مراعات یافتہ طبقات، این جی اوز اور بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں سپر سیلاب سے متاثرہ بچوں کی ایک بڑی تعداد کی ضروریات پر توجہ دیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

118
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت، مراعات یافتہ طبقات، این جی اوز اور بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں سپر سیلاب سے متاثرہ بچوں کی ایک بڑی تعداد کی ضروریات پر توجہ دیں۔ اتوار کو عالمی برادری کی جانب سے بچوں کا عالمی دن منایاگیا۔

بچوں کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے میں حکومت، مراعات یافتہ افراد، این جی اوز اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ پاکستان میں حالیہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنے والے سپر فلڈ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے بچوں کی ایک بڑی تعداد کی ضروریات پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں تعلیم، غذائیت اور خوراک فراہم کریں۔

ان کیلئے پناہ گاہوں کی فراہمی، بیماری اور بھوک سے ان کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال یہ دن دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس دن کو پہلی مرتبہ 1954 میں یونیورسل چلڈرن ڈے کے طور پر منایا گیا اور 1959 میں آج کے دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بچوں کے حقوق کا اعلامیہ منظور کیا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ رواں سال عالمی یوم اطفال 2022 کا بہت موزوں موضوع ”ہر بچے کے لئے شمولیت“ منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور دماغی صحت سے لے کر نسل پرستی اور امتیازی سلوک کے خاتمہ کے حوالہ سے بچے اور نوجوان ان مسائل پر آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نوجو ان نسل کے لئے یہ بہت اہم ہیں اور وہ بزرگوں سے اپنے لئے ایک بہتر مستقبل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ آج کے دن پاکستان بھی پوری دنیا کی طرح بچوں کے حقوق کی وکالت، فروغ اور ان کے حقوق کے تحفظ کا عہد کرتا ہے۔

پاکستان بچوں کے حقوق کے حوالہ سے مکالمہ اور اقدامات سے بچوں کے لئے ایک بہتر دنیا کی تعمیر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقوام متحدہ کے کنونشن آن دی رائٹس آف چلڈرن (آئی سی آر سی) کے دستخط کنندہ کے طور پر اپنے عزم کا اعادہ کرنے کے لئے یوم اطفال منایا۔ صدر مملکت نے بچوں کے تحفظ کے لئے تمام قومی، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر مخلصانہ کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بچوں کو کسی بھی حیثیت میں ذات، نسل یا مذہب کی تفریق کے بغیر ترقی اور شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کو دہرایا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان زندگی کے ہر شعبہ میں اپنے بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے، پسماندگی کے خاتمہ اور ان کی بہتر تعلیم اور صحت، صاف ستھرے اور سرسبز ماحول، بچوں کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کرنے اور بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم تقریباً 25 ملین سکول نہ جانے والے بچوں اور گلیوں کے بچوں کو سکول سسٹم میں لانے، اپنے بچوں کو پولیو اور دیگر بیماریوں سے بچاو¿ کے قطرے پلانے، سٹنٹنگ کو ختم کرنے اور متوازن غذائیت سے بھرپور خوراک اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کا عہد کرتے ہیں۔