دوحہ۔22نومبر (اے پی پی):فیفا ورلڈکپ 2022ءمیں پولینڈ اور میکسیکو کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، پولینڈ کے اسٹرائیکر لیونڈوسکی نے 58ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرنے کا موقع ضائع کر کے ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ قطر میں جاری میگا ایونٹ میں منگل کو فرونٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں پولینڈ اور میکسیکو کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم سرتوڑ کوشش کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی،
میچ کے 58ویں منٹ میں پولینڈ کو پنالٹی ملی لیکن لیونڈوسکی نے گول کرنے کا شاندار موقع گنوا دیا اور ٹیم کے جیت کے ارمان ادھورے رہ گئے، اسطرح دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔ پولینڈ کی ٹیم 26 نومبر کو اپنے دوسرے میچ میں سعودی عرب کے مدمقابل ہو گی جس نے اپنے ابتدائی میچ میں ٹائٹل فیورٹ ارجنٹائن کو2-1گولز سے اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ اسی روز دوسرے میچ میں ارجنٹائن کا مقابلہ میکسیکو سے ہو گا۔