بائیسویں عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگا

279

دوحہ۔23نومبر (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام قطر میں جاری 22 ویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل جمعرات کو مزید چار میچ کھیلے جائیں گے۔فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں سج چکا ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل جمعرات کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں گروپ ایف ٹیمیں بیلجیم اور کینیڈا آمنے سامنے ہوں گی،یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا،

دوسرا میچ گروپ جی کی ٹیموں سوئٹزرلینڈ اور کیمرون کے درمیان کھیلا جائے گا، یہ میچ دن 3بجے شروع ہوگا، تیسرا میچ گروپ ایچ کی ٹیموں یورا گوئے اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا،یہ میچ شام 6بجے شروع ہوگا اسی روز کے چوتھے میچ میں گروپ ایچ کی ہی ٹیموں پرتگال اور گھانا کے درمیان کھیلا جائے گااور یہ میچ رات 12 بجے شروع ہوگا۔میگا ایونٹ میں شامل 32 ٹیموں کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 3سے 6دسمبر تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنل مرحلہ 9دسمبر سے شروع ہوگا جو 10 دسمبر کو ختم ہوگا، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 جبکہ فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔