اسلام آباد میں کینیڈین ویزا سینٹر کا دوبارہ کھلنا کامیاب پارلیمانی کوششوں کا مظہر ہے ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

186
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کینیڈین ویزا سینٹر کا دوبارہ کھلنا کامیاب پارلیمانی کوششوں کا مظہر ہے جس کے لئے کینیڈین حکومت کے شکر گزار ہیں ۔

پیر کو ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے اگست 2022 میں ہیلی فیکس میں ہونے والی دولت مشترکہ کی پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے لیے کینیڈا کا سرکاری دورہ کیا۔

کانفرنس کے موقع پر سپیکر پرویز اشرف نے ہائوس آف کامنز اور سینیٹ آف کینیڈا کے سپیکرز کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں تاکہ دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے ممکنہ طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے سپیکر نے اپنے کینیڈین ہم منصب پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اپنے ویزا ایپلیکیشن سینٹرز (VACs) کو ابوظہبی سے منتقل کریں کیونکہ اس سے نہ صرف کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں اور کینیڈا جانے والے پاکستانی شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ ویزا پروسیسنگ کے وقت میں بھی زبردست کمی آئے گی۔

کینیڈین پارلیمنٹ کے پریذائیڈنگ افسران نے سپیکر پاکستان کو یقین دلایا تھا کہ وہ اس معاملے کو اپنی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے اور معاملے کو ممکن بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سپیکر اور پارلیمانی وفد کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں کینیڈین حکومت نے اپنا ویزا ایپلیکشن سینٹر پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ویزا آفس کی اسلام آباد منتقلی سے نہ صرف کینیڈین امیگریشن حکام کو پاکستان میں درخواستوں کی تصدیق کے قابل بنائے گا بلکہ ویزا درخواستوں پر کارروائی کا وقت بھی کم ہو جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اس معاملے پر فوری کارروائی کرنے پر اپنے کینیڈین ہم منصب کو شکریہ کے خطوط بھی ارسال کئے ہیں۔