اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے مرحوم صحافی ضیاء الدین کو ان کی پہلی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صحافت کے شعبے میں خدمات پر ملک کا تیسرا اعلیٰ ترین اعزاز ستارہ امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا ہے، یہ ایوارڈ ان کے اہل خانہ 14 اگست 2023 کو وصول کریں گے۔
وفاقی وزیر نے یہ اعلان وزارت منصوبہ بندی کے زیر اہتمام ایک تعزیتی ریفرنس کے دوران مرحوم صحافی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سول سوسائٹی کے کارکنوں، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مرحوم ضیاء الدین طویل علالت کے بعد 29 نومبر 2021 کو اسلام آباد میں 83 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ 60 سال پر محیط اپنے شاندار کیریئر کے دوران، مرحوم ضیاء الدین نے دی مسلم، دی نیوز، ڈان اور ایکسپریس ٹریبیون سمیت ملک کے تقریباً تمام بڑے اخبارات کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے مرحوم صحافی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ضیاء الدین ایک اعلٰی صحافی کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی تھے جن کی خدمات پاکستان اور شعبہ صحافت کے لیے ایک شاندار مثال ہیں۔ واضح رہے کہ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت کی جانب سے کسی صحافی کو صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
شرکاء نے اس اقدام پر وزارت منصوبہ بندی کی کاوشوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے نوجوان طلباء کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) میں مرحوم ضیاء الدین کے نام پر ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے قیام اور نوجوان صحافیوں کی سہولت کے لیے مرحوم صحافیوں کے نام پر صحافیوں کے لیے کورسز شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے مرحوم ضیاء الدین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنی پوری زندگی آزاد صحافت، جمہوریت اور میڈیا ورکرز کی بہتری کے لیے لگائی۔
معروف صحافی حامد میر نے مرحوم ضیاء الدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان صحافیوں میں سے تھے جنہوں نے ملک کے آمروں کے خلاف ڈٹ کر جنرل ضیاء اور جنرل مشرف کے بدترین دور کا سامنا کیا۔ حامد میر نے کہا کہ مرحوم ضیاء نے اپنی موت تک صحافی برادری کو متحد کرنے کی کوشش کی جسے مختلف آمروں نے تقسیم کیا تھا اور آج ملک میں قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے لیے صحافی برادری کو متحد کرنے کے ان کے نامکمل ایجنڈے کو مکمل وقت کی انتہائی ضرورت ہے۔
سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے مرحوم صحافی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم ضیاء الدین کے تمام کام کو کمپائل کرنے کی تجویز پر زور دیا تاکہ نوجوان صحافی اس سے مستفید ہو سکیں۔ اس موقع سینر صحافی رئوف کلاسرا نے مرحوم صحافی ضیاء الدین کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضیاء الدین جیسے صحافی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی میں صحافتی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔