کوویڈ19نے اب بھی دنیا کی معیشتوں اورصحت کے نظام کو بڑے پیمانے پر متاثر کیاہوا ہے،معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی

112
Faisal Karim Kundi

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کوویڈ19 نے اب بھی دنیاکی معیشتوں اور صحت کے نظام کو بڑے پیمانے پر متاثر کیاہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ میں منعقدہ (سی اوایم سی ای سی)کے 38ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے 16.9 ملین خاندانوں کو یک وقتی نقد رقم ہنگامی بنیادوں پر فراہمی کے لیے 1.23 بلین امریکی ڈالر مختص کئے جو کہ 109 ملین سے زائد افراد کو پہنچے جن میں اقلیتیں اور خواجہ سرا شہری بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت وزیر اعظم سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو ایمرجنسی کیش کی تقسیم کے ذریعے ہر خاندان کو فوری ضروریات زندگی کے لیے 75 امریکی ڈالر فراہم کئے گئے۔فیصل کریم کنڈی نے شرکا کو آگاہ کیا کہ بی آئی ایس پی ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں تک رسائی حاصل کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے سے متعلق ملینیم ڈویلپمنٹ گولز (ایم ڈی جی )مقررہ وقت سے پانچ سال قبل حاصل کر لیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو حالیہ سیلاب کی وجہ سے تباہی کا سامنا ہے جس نے ملک میں تقریباً 33 ملین لوگوں کی زندگیوں اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 2.7 ملین خاندانوں میں 312 ملین امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد ٹارگٹڈ میکانزم کے ذریعے تقسیم کی گئی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ غذائی قلت کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موجودہ بی آئی ایس پی نیوٹریشن (نشوونما) پروگرام کو وسعت دی گئی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایک بلینکٹ سپلیمنٹری فوڈ پروگرام شروع کیا گیا تاکہ 12000 سے زائد افراد کو خصوصی غذائیت سے بھرپور خوراک (ایس این ایف ) فراہم کی جا سکے جن میں حاملہ اور دودھ پلانے والی مائیں اور دو سال سے کم عمر کے 11,200 بچے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عالمی ذمہ داری ہے کہ پاکستان جیسی کمزور قوموں کو موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے لڑنے میں مدد فراہم کرےاور مستقبل کے لیے تیارکرے۔