وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ،تمام ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کیاجائےگا،وفاقی وزیر احسن اقبال

268
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کے لیے 500 سکالر شپس دیئے جائیں گے،احسن اقبال

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقیات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو وزیر صحت بلوچستان کی سربراہی میں بلوچستان سے آئے ہوئے 5 رکنی وفد کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیر خوراک بلوچستان، اور چیف سیکرٹری بلوچستان بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کی ترقی کے لئے کئے گئے حالیہ اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے اور اربوں روپے مالیت کے منصوبے وفاقی حکومت نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کئے تاکہ صوبے کی پسماندگی کو درو کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی پی ٹی آئی حکومت نے صوبہ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کو نظرانداز کیا جس سے صوبے کی ترقی بری طرح متاثر ہوئی۔ واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سے بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح رہی، خاص طور پر حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد جس نے صوبہ کو بری طرح متاثر کیا۔

وفاقی حکومت نے بلوچستان کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے فنڈز سے کئی منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی جو حالیہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ 2016 میں پہلی بار مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بلوچستان کی ترقی کے لئے اضلاع کی سطح پر کثیر جہتی غربت انڈیکس کا آغاز کیا لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی لیکن موجودہ حکومت نے اقدار میں آتے ہی 20 پسماندہ اضلاع کی ترقی کے لئے 40 ارب ورپے مختص کئے ہیں جن میں سے 11 اضلاع کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حال ہی میں شروع کئے گئے پی ایم یوتھ اقدامات کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ صوبائی وزراء نے بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی کاوشوں کو سراہا ۔