اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر اہل افراد کو معاشرے کے کار آمد اور فعال شہری بنانے کے لیے انہیں مساوی مواقعوں کی فراہمی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار خصوصی طور پر اہل افراد کے عالمی دن کے موقعہ پر کیا جو ہر سال 3 دسمبر کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خصوصی طور پر اہل افراد ہر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صائمہ سلیم جنیوا میں اقوام متحدہ کی مندوب کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں جنہوں نے گزشتہ برس اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے کشمیر کا مقدمہ لڑا۔ انہوں نے خصوصی طور پر اہل افراد کی صلاحیتوں کو بروے کار لانے انہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے مواقع کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔
سپیکر نے کہا کہ پارلیمان خصوصی طور پر اہل افراد کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس سلسلے میں قانون سازی بھی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی عمارت کو خصوصی طور پر اہل افراد کے لیے قابل رسائی بنایا گیا ہے، آئین کو بریل سسٹم میں ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو بصارت اور قوت گویائی سے محروم افراد کے لیے قابل رسائی بنایا گیا ہے جس سے ان کو قومی اسمبلی سے متعلق معلومات کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے جسمانی طور پر معذور افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹا پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکر نے کہا کہ خصوصی طور پر اہل افراد کے حقوق کا تحفظ، ان سے محبت اور شفقت سے پیش آنا اور ان کی ضرورتوں کا خیال ہم پر لازم ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ خصوصی طور پر اہل افراد زندگی کے ہر شعبے میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ملک کی تعمیر وترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر اہل افراد کو روزگار کے یکساں مواقعے فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کو روزگار اور تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، تو یہ ملک کے کارآمد شہری ثابت ہو سکتے ہیں۔