اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعہ پہلی مرتبہ خواجہ سرائوں کو بینظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بینظیر کفالت کے تحت خواجہ سراؤں کو ہر تین ماہ بعد 7ہزار روپے دئیے جائیں گے۔
تمام خواجہ سرا بی آئی ایس پی کے لوکل تحصیل دفتر میں اپنی رجسٹریشن کرائیں۔ پہلے سے رجسٹریشن شدہ خواجہ سراؤں کو اگر یہ رقم نہیں مل رہی تو وہ اپنی اپیل درج کر سکتے ہیں۔ اپیل پر مطلوبہ معیار کے مطابق اہل خواجہ سراؤں کو یہ رقم دی جا سکے گی۔
بینظیر کفالت پروگرام میں شامل ہونے کے لیے نادرا میں بطور خواجہ سراء اندراج لازمی ہے۔سہ ماہی قسط کی ادائیگی ڈیٹا کی تصدیق کے بعد بذریعہ بینک کی جائے گی۔ کسی بھی قسم کی مدد کے لیے بی آئی ایس پی کے قریبی دفتر یا ہیلپ لائن 080026477 پر رابطہ کیق جاسکتا ہے۔