انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں بہت مددگار ثابت ہوگا،وزیر اعظم شہباز شریف کاانگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب

214

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کرکٹ کو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان یکساں جوش و جذبہ کا حامل شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔ وہ پیر کو یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ شاندار تعلقات ہیں اور برطانوی ٹیم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کے فروغ کے لئے دورس نتائج کا حامل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ڈی ایف آئی ڈی کے ذریعے سرمایہ کاری کرکے جمہوریت اور فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ عوام کا ساتھ دیا ہے۔ وزیر اعظم نے انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جیت پر مبارکباد دی لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ گرین شرٹس اگلے میچ میں کم بیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کا 17 سال بعد دورہ ایک بہترین لمحہ ہے کیونکہ انہوں نے 2005 میں اس وقت دورہ کیا تھا جب پاکستان انتہا پسندی اور دہشت گردی کا سامنا کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہزاروں فوجیوں، سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور عام پاکستانیوں کی جانوں کی قربانیوں کے نتیجے میں آخر کار دہشت گردی کو شکست دینے میں کامیاب ہوا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کرکٹ کے لیے انگلینڈ کی حمایت کو سراہا اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے نوجوان کرکٹرز کو کرکٹ میں پاکستان کے شاندار ماضی کے بارے میں بھی بتایا اور اس حوالے سے اظہر محمود، مرحوم حنیف محمد (لٹل ماسٹر) اور آصف محمود کا ذکر کیا جنہوں نے کرکٹ کی دنیا میں بڑی شہرت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس نے ماضی قریب میں معیاری کرکٹ کا مظاہرہ کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ کرکٹ کی دنیا میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اپنی کارکردگی کو بڑھاتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو سووینئرز بھی دیئے۔ انہوں نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے اپنی میچ فیس عطیہ کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ انسان دوستی برطانوی سنہری روایات کا مظہر ہے۔