اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پالیسی (این ایس پی) کے نفاذ کے لیے قومی اور سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ سیاسی اتفاق رائے ہی این ایس پی اہداف کے حصول کا واحد راستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی سے ملاقات کے دوران کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کو عالمی موسمیاتی چیلنجز کا کا سامنا ہے کیونکہ حالیہ تباہ کن سیلابوں سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے، خوراک اورپانی کا تحفظ بے حد اہم۔ عام آدمی کی خوشحالی اور قومی سلامتی پالیسی جیسے اہداف کے حصول کے لیےقومی اتفاق رائے ضروری ہے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی واحد پلیٹ فارم ہے جہاں سیاسی اتفاق رائے پیدا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور قومی مسائل پر سیاسی رہنماؤ ں اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے تعاون کو سراہا۔