پاکستان اور قطر کے قریبی اور برادرانہ تعلقات، مشترکہ مذہب، باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی ہیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف

154

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے قریبی اور برادرانہ تعلقات، مشترکہ مذہب، باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی ہیں۔ یہ بات انہوں نے قطر کے سفیر سعود بن عبدالرحمن الثانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران قطر کے سفیر نے قطر کے عوام اور قیادت کی طرف سے پاکستان کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کو سراہا۔ انہوں نے قطر میں فیفا 2022 ء ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی پر قطری قیادت کو مبارکباد دی۔

انہوں نے افرادی قوت کے شعبے میں قطر کی جانب سے کی گئی قابل ذکر اصلاحات کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فیفا ورلڈ کپ 2022 ءکے لئے سکیورٹی اہلکار فراہم کرکے ورلڈ کپ میں مدد کرنے پر خوشی اور اعزاز محسوس کررہا ہے۔ یہ فخر کی بات ہے کہ ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والا فٹ بال ’’الرحلہ‘‘ ‘میڈ ان پاکستان’ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد مشترکہ مذہب ، باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور قریبی تعاون ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔