غلط اور جعلی خبروں کی عمر مختصر ہوتی ہے،اپنے موقف کی تصدیق پر اللہ کے حضور سربسجود ہوں،وزیراعظم شہبازشریف کاڈیلی میل کی جانب سے غلط خبر چھاپنے پر معذرت پر ٹویٹ

157

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ غلط اور جعلی خبروں کی عمر مختصر ہوتی ہے،اپنے موقف کی تصدیق پر اللہ کے حضور سربسجود ہوں،تین سال تک عمران خان نے میری کردار کشی کی ہر حد پار کی،بے بنیاد الزامات سے میرا اور میرے خاندان کا مذاق اڑایا گیا،جیت سچائی کی ہوتی ہے۔

جمعرات کو ڈیلی میل کی جانب سے غلط خبر چھاپنے پر معذرت پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں نے مسلسل تین سال میری کردار کشی کی ہر حد پار کی،انہیں اس مہم کے دوران یہ خیال بھی نہیں آیا کہ ان کی اس مذموم مہم سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا اور اس کے دوست ممالک سے تعلقات متاثر ہوں گے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ مجھ پر اور میرے خاندان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے لیکن مجھے اللہ تعالی کی ذات پر پورا بھروسہ ہے صرف وہی ان کے جھوٹ بے نقاب کرسکتا ہے۔غلط اور جعلی خبروں کی عمر مختصر ہوتی ہےجیت ہمیشہ سچائی کی ہوتی ہے اور ڈیلی میل کی خبر نے یہ ثابت کیا ہے۔