کروشیا نے پہلے کوارٹر فائنل میں 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل اور ارجنٹائن نے نیدرلینڈز کو شکست دی

187

دوحہ۔10دسمبر (اے پی پی):کروشیا اور ارجنٹائن نے شاندار کارکردگی کی بدولت فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ، کروشیا نے پہلے کوارٹر فائنل میں5مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل اور ارجنٹائن نے نیدرلینڈز کو شکست دی، دونوں میچز کا فیصلہ پینلٹیز پر ہوا، تفصیلات کے مطابق فیفا کے زیر اہتمام فٹبال ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے قطر میں جاری ہیں ، ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم، دوحہ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں کروشیا نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد برازیل کو پینلٹیز پر شکست دے دی،

دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا اور مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی، اضافی وقت میں برازیل کے نامور فٹبالر نیمار نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی مگر یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہی اور 12 منٹ بعد کروشیا کے برنو پیٹکووچ نے گول کر کے میچ برابر کر دیا، یوں اضافی وقت میں بھی میچ 1۔1 گول سے برابر رہا اور میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو5۔5پینلٹی ککس دی گئیں جس میں کروشیا نے برازیل کو 2 کے مقابلے میں 4گول سے ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ،

ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے نیدرلینڈز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد پینلٹی ککس پر ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں کے مابین میچ 2۔2 گول سے برابر رہا ، ارجنٹائن کی طرف سے ناہوئل مولینا اور لیونل میسی نے گول کئے جبکہ نیدرلینڈز کی طرف سے دونوں گول ماریا ویگہورسٹ نے کئے، میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا

مگر کوئی ٹیم گول نہ کر سکی جس کے بعد پینلٹی ککس کا سہارا لیا گیا، اس مرحلے میں ارجنٹائن نے نیدرلینڈز کو سخت مقابلے کے بعد 3۔4 سے ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ، واضح رہے کہ ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان سیمی فائنل 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا ۔