ملک کو درپیش مسائل کےحل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پراکٹھا ہو نےکی ضرورت ہے،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

111

لاہور۔11دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو نے کی ضرورت ہے،ہم سب کو متحد ہو کر پاکستان کو آ گے لے کر جاناہے،ملکی مشکلات کا حل صرف پارلیمان کے پاس ہے،پارلیمان کو نظرانداز کر نے سے ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو تی ہے،تمام ممبران پارلیمنٹ میں آ کر اپنے حلقوں کی نمائندگی کریں،ما ضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت کو بھی ا پنی آ ئینی مدت پوری کرنی چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے ناشتے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضٰی، پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل ،ثمینہ گھرکی،مسزشوکت،سونیا خان،جمیل منج،میاں ایوب،فائزہ ملک،چودھری عاطف رفیق،ڈاکٹر خیام حفیظ،آصف ناگرہ،عمران اٹھوال،علامہ یوسف اعوان،ذیشان شامی اوراحسن رضوی سمیت دیگر پارٹی ر ہنما بھی موجود تھے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کا واحد فورم صرف پارلیمان ہے،تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر معیشت کو سہارا دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،ہمیں قانون سازی کے ساتھ ساتھ قانون کی عملداری کو بھی یقینی بنانا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں ٹھہرائو آنا چاہیے،استعفے منظور کرنے کے قواعد و ضوابط موجود ہیں،قانون کہتا ہے کہ اگر کوئی ممبر دبا ئو میں استعفیٰ دے تو اسے قبول نہ کیا جائے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اگر عمران خان چاہتے ہیں کہ الیکشن صاف شفاف ہوں تو وہ قانون سازی میں حصہ لیں،حکومت کی طرح اپوزیشن بھی بہت ضروری ہے،ضروری ہے کہ اسمبلیاں اپنی آ ئینی مدت پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سارے سیاستدان منجھے ہوئے ہیں،تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو اتفاق رائے سے ملکی معاملات سنبھالنے چاہئیں، ہم سب کو متحد ہو کر پاکستان کو آ گے لے کر جاناہے ۔

جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پی ٹی آ ئی حکومت کے پونے چار سالہ دور کی کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں،تحریک انصاف کے دور میں ریکارڈ کرپشن ہو ئی،لاہور میں نیا شہر بسانے کے چکر میں کسانوں کی فصلیں تباہ کر دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا فوکس صرف اپنے اضلاع پر ہے جبکہ عمران خان پارلیمانی نظام ختم کر کے صدارتی نظام نافذ کرانا چاہتے ہیں۔

حسن مرتضٰی نے کہا کہ عمران خان کے چار سالہ دور میں کبھی مالم جبہ، توشہ خانہ اور کبھی القادر یونیورسٹی کے سکینڈلز سامنے آئے ، پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن عمران خان کے دور میں ہوئی ہے،آج بھی روڈا اتھارٹی کاشتکاروں کو زبردستی بےدخل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیا شہر آباد کرنے کے چکر میں اپنے مالی سہولت کاروں کو نوازا گیا ، چار اضلاع میں وزیر اعلٰی نے اپنی اور اپنے پیاروں کی اولاد پر خصوصی نوازشات کیں جبکہ پورے پنجاب کا روڈ سٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔