اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):پٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی۔جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمت 224.80 روپے سے کم کرکے 214.80 روپے فی لٹر کر دی گئی ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 235.3 روپے فی لٹر سے کم کرکے 227.80 روپے فی لٹر کر دی گئی ہے،
مٹی کے تیل کی قیمت 181.83 روپے فی لٹر سے کم کرکے 171.83 روپے فی لٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 179 روپے فی لٹر سے کم کرکے 169 روپے فی لٹر کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق (آج) جمعرات 15 دسمبر کو 12 بجے سے ہو گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے ۔