میں پاکستان کا واحد وزیر خارجہ ہوں جو اپنا ٹکٹ خریدتا ہے اور ہوٹل کا بل بھی خود ہی ادا کرتا ہے،بلاول بھٹو زرداری

135
بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں پاکستان کا واحد وزیر خارجہ ہوں جو اپنا ٹکٹ خریدتا ہے اور ہوٹل کا بل بھی خود ہی ادا کرتا ہے۔ جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنے بیرون ملک کے اخراجات کا بوجھ قومی خزانے پر نہیں ڈالتا۔ اگر ایسا کرتا بھی تو بطور وزیر خارجہ میرا استحقاق ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے بیرون ملک دوروں کا فائدہ میری ذات کو نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کو ہوا ہے۔ ان کی محنت کی وجہ سے پاکستان ففٹ کی گرے لسٹ سے باہر نکلا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کے دوروں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی فوائد حاصل ہوئے ہیں۔

پاکستان اس وقت جی 77 یعنی پوری دنیا کے ترقی پذیر ممالک کے اتحاد کی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کوپ 27 میں تباہی کے ازالے کو ایجنڈا میں شامل کروایا جو پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہماری جی 77 اصلاحات کی دستاویز کو ملاحظہ کریں۔ دنیا کے تمام ترقی پذیر ممالک نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی فنانشل ادارے امیر ممالک کی بجائے غریب ممالک کو فائدہ دیں۔