پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل فٹبال چیلنج کپ یکم جنوری سے شروع ہو گا

207

راولپنڈی۔24دسمبر (اے پی پی):پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے زیر اہتمام نیشنل فٹبال چیلنج کپ یکم جنوری سے شروع ہو گا، ٹورنامنٹ کے میچز راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، چمن، کراچی، لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں کھیلے جائیں گے ،

پی ایف ایف کے مطابق میگا ایونٹ میں 32 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، واپڈا کی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی، دیگر ٹیموں میں پاکستان آرمی، پی اے ایف، نیوی، پولیس، پاکستان ریلویز، ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، کے پی ٹی، کے آر ایل، سوئی ناردرن گیس، کراچی یونائیٹڈ، فالکن گروپ، ہزارا کول کمپنی، ایشیا گھی ملز، پی او ایف واہ، گوادر پورٹ اتھارٹی، اشرف شوگر ملز، سٹیٹ لائف انشورنس، نسمو، اوٹو کرینز، ماشا یونائیٹڈ، پی اے سی اے، ایس اے گارڈنز، سیف ٹیکسٹائل، ایکوا پیور واٹر، مسلم ہینڈز، حسین ہومز ٹیکسٹائل ملز، مائلو، کالاش ملز، میسن بلڈرز، ڈبلیو ایس ٹی سی، بی ایچ سی سی اور ایس اے فارمز شامل ہیں۔

پہلے مرحلے کے میچز یکم جنوری سے 11 فروری تک آٹھ شہروں راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، چمن، کراچی، لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں کھیلے جائیں گے۔اس دوران ہر ٹیم کو 3 ہوم اور 3 اوے میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔ہر گروپ سے سرفہرست 2 ٹیمیں رائونڈ 16کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 10 لاکھ، رنرز اپ کو 5 لاکھ اور تیسری پوزیشن پانے والی ٹیم کو ڈھائی لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے گی، فیئر پلے ایوارڈ کے ساتھ 2 لاکھ دیئے جائیں گے، بہترین کھلاڑی، گول سکورر اور گول کیپر کو ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس انعام دیا جائے گا۔

چیئرمین پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک کا کہنا ہے کہ نیشنل چیلنج کپ کی ڈومیسٹک فٹبال میں واپسی سے ڈیپارٹمنٹس کی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔ پاکستان فٹبال میں اداروں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اسی لئے ایونٹ فیڈریشن کی خاص توجہ کا مرکز بنا ہے، چیلنج کپ میں شریک ٹیموں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔