ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا کے زیر اہتمام قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے مصوری و خطاطی کی نمائش، نغمے اور دستاویزی فلم کی تیاری کے مقابلوں کا انعقاد، سینیٹر عرفان صدیقی نے افتتاح کیا

372

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے 146 ویں یوم پیدائش کی منابست سے مصوری و خطاطی کی نمائش، نغمے و دستاویزی فلم بنانے کے مقابلوں کا افتتاح کیا۔ ہفتہ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباءنے پینٹنگ، خطاطی، نغمے اور دستاویزی فلم بنانے کے مقابلے میں حصہ لیا۔

پینٹنگ مقابلے میں زنیرہ غفور، ہمنا حیدر، شمائل عامر اور اقراءامین اعوان نے بالترتیب پہلی، دوسری، تیسری پوزیشن اور (حوصلہ افزائی) حاصل کی۔ مومنا رمضان، انیزہ سجاد، مناہل فاطمہ اور حماس انیس نے خطاطی کے مقابلے میں بالترتیب پہلی، دوسری، تیسری پوزیشن اور (حوصلہ افزائی) حاصل کی۔ نغموں کے مقابلے میں لیڈر خاور بیگ اور گروپ ممبرز سمیر علی سید، انوشے احسن، غلام مہ جان اور کرن توسیف نے اپنے نغمے ”اک شخص“ کیلئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

دستاویزی فلم کے مقابلے میں ٹیم لیڈر نعمان احمد، محسن احمد اور مریم شاہد نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر سینیٹر عرفان صدیقی نے نوجوانوں کی سرگرمیوں میں شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی جس سے انہیں قائد کے پیغام سے مستفید ہونے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے شرکاءمیں انعامات اور اسناد بھی تقسیم کیں۔ تقریب میں سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی ڈائریکٹر جنرل عمرانہ وزیر اور وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر قائداعظم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔